کھجُوروں کا اِتوار
کھجُوروں کے اِتوار کے دِن، یِسُوع مسِیح شاہانہ انداز میں یروشلیم میں داخل ہُوا، جہاں اُس کے پیروکاروں نے کھجُور کی شاخیں لہرائیں اور اُس کے راستے میں کپڑے بِچھائے۔ اُنھوں نے یِسُوع کو محبّت اور تعریف کے ساتھ گھیر لِیا، اور ”ہوشعنا“ کے نعرے لگائے—جِس کا مطلب ہے ”براہِ کرم ہمیں بچا۔“ یِسُوع کے بُہت سے پیروکار توقع کر رہے تھے کہ وہ اُنھیں رومی حُکومت سے نجات دِلائے گا، لیکن اُس کے مقاصِد زیادہ اَبَدی تھے۔ یِسُوع زمین پر سیاسی رہائی فراہم کرنے نہیں بلکہ تمام بنی نوع اِنسان کو گُناہ اور موت سے بچانے کے لیے آیا تھا۔
پڑھیں اور غور کریں
آپ کیسے یِسُوع مسِیح کی روزانہ پیروی کرنے کی کوشِش کر سکتے ہیں؟
متّی 1:21–11
لُوقا 29:19–44
سوموار
جب یِسُوع یروشلیم میں تھا، تو وہ ہَیکل میں گیا۔ وہاں، اپنے باپ کے گھر میں، اُس نے مُختلف تاجروں کو کاروبار کرتے دیکھا۔ یِسُوع پرستش کی جگہ کی بے حُرمتی ہوتے اور اُسے ”ڈاکوؤں کی کھوہ“ (مرقس 11:17) بنتے دیکھ کر غضبناک ہُوا۔ اپنے واضح اِختیار سے، اُس نے تاجروں اور صرافوں کو ہَیکل سے باہر نکال دِیا۔
پڑھیں اور غور کریں
آپ اپنے دِل اور دماغ کو کیسے پاک صاف کر سکتے ہیں تاکہ یِسُوع کی تعلیمات سُننے کے لیے تیار ہو سکیں؟
مرقس 15:11–18
منگل
یروشلیم میں، یِسُوع کے اِرد گرد حمایتی اور مُخالف دونوں موجُود تھے۔ ایک بہترین اُستاد کے طور پر، اُس نے اَبَدی سچّائی کے اِشتراک کا کوئی موقع ضائع نہ جانے دِیا۔ اپنی زندگی کے آخری ہفتے میں، اُس نے کُچھ لازوال تعلیمات دِیں۔ لیکن اُس کے الفاظ صرف اُس وقت کے لوگوں کے لیے نہیں تھے۔ اُس کی پُوری خِدمت کے دوران اُس کی تعلیمات ہماری زندگیوں کو بھی برکت دے سکتی ہیں۔ ذیل میں اُس کی چند تمثیلیں دیکھیں۔
پڑھیں اور غور کریں
آپ صحائف کی تعلیمات کو اپنی زندگی میں کیسے لاگو کر سکتے ہیں؟
متّی 36:22–40
متّی 34:25–45
بُدھ
اپنی زمینی زندگی کے دوران، یِسُوع مسِیح نے خُدا سے اور دُوسروں سے محبّت کی اہمیت سِکھائی۔
”خُداوند اپنے خُدا سے اپنے سارے دِل، اپنی ساری جان اور اپنی ساری عقل سے محبّت رکھ۔ بڑا اور پہلا حُکم یہی ہے۔ اور دُوسرا اِس کی مانند یہ ہے، کہ اپنے پڑوسی سے اپنے برابر محبّت رکھ۔“ —متّی 37:22–39
یِسُوع نے سِکھایا کہ خُدا سے اور اپنے پڑوسی سے محبّت اُس کی اِنجِیل کی بُنیاد ہے۔ اپنی خِدمت کے اِختتام کے قریب، اُس نے اِس تعلیم کو وسعت دی اور سِکھایا: ”مَیں تُمہیں ایک نیا حُکم دیتا ہُوں، کہ ایک دُوسرے سے محبّت رکھو جیسا کہ مَیں نے تُم سے محبّت رکھی۔… اگر آپس میں محبّت رکھو گے تو اِس سے سب جانیں گے کہ تُم میرے شاگرد ہو“ (یُوحنّا 34:13–35)۔ جب ہم ایک دُوسرے سے محبّت رکھتے ہیں، تو یِسُوع کی مانند بننا آسان ہو جاتا ہے—ہم اپنے اِرد گِرد کے لوگوں کے ساتھ زیادہ صابر، مُعاف کرنے والے، اور رحم دِل ہو جاتے ہیں۔
پڑھیں اور غور کریں
آپ کی خُدا سے محبّت دُوسروں سے محبّت اور خِدمت کرنے میں کس طرح مدد کر سکتی ہے؟
یُوحنّا 9:15–12
متّی 34:22–40
جُمعرات
یِسُوع نے اپنے شاگردوں کے ساتھ فصح کا تہوار منایا۔ اُس نے عِشائے ربانی کی رسم کا آغاز کِیا، جِس میں اُس نے شاگردوں کو اپنی یاد میں کھانے اور پینے کی دعوت دی۔ اُس نے رُوحُ القُدس کی تسلی بخش قدرت کے بارے میں تعلیم دی، اور یہ جانتے ہُوئے کہ شاگردوں کے ساتھ اُس کا وقت ختم ہونے کو ہے، اُنھیں حُکم دِیا کہ وہ ایک دُوسرے سے محبّت رکھیں جیسا کہ اُس نے رکھی۔ یہ محبّت، اُس نے کہا، دُوسروں کے لیے نشان ہو گی کہ وہ اُس کے شاگرد تھے۔
جِسے آخری کھانا کہا جاتا ہے اُس کے بعد، یِسُوع نے اپنے رَسُولوں کو اپنے پیچھے گتسِمنی نامی خاموش باغ میں رات بھر جاگنے کا کہا۔ اِس کے باوجود کہ اُن کے اُستاد نے اُنھیں اپنے ساتھ جاگے رہنے کے لیے کہا، تھکے ہُوئے شاگرد سو گئے۔ صرف، یِسُوع نے دُعا کرنا شُروع کی اور جلد ہی ناقابلِ بیان اذیت میں مُبتلا ہو گیا۔ وہاں باغ میں، اُس نے دُنیا کے گُناہوں اور دُکھوں کو اپنے اُوپر لینے کا عمل شُروع کِیا۔ یہ قُربانی کے عمل کا آغاز تھا جو اگلے روز گلگُتا میں صلیب پر اپنے حتمی اِختتام کو پہنچا۔
بعد میں اُسی رات، یہُوداہ اِسکریوتی نے نجات دہندہ کو مقامی حُکام کے حوالے کر دیا، جو یِسُوع کو گرفتار کر کے سَردار کاہن، کائِفا، کے گھر لے گئے۔ وہاں، یِسُوع کو اگلی صُبح تک اپنے مُقدّمے کا اِنتظار کرنا تھا۔
پڑھیں اور غور کریں
یِسُوع نے عِشائے ربانی کو تشکیل دیا تاکہ ہم اُسے اور اُس کی قُربانی کو ہمیشہ یاد رکھ سکیں۔ آپ روزانہ اُس کی کیسے تعظیم کر سکتے اور اُسے یاد رکھ سکتے ہیں؟
لُوقا 14:22–20، 39–54
متّی 36:26–57
پاک جُمعہ
معتدد یک طرفہ مُقدمات کے بعد، یِسُوع مسِیح کو مصلُوب کر کے موت کی سزا سُنائی گئی۔ رومی سپاہیوں نے اُس کا مذاق اُڑایا اور اُسے کوڑے مارے اور صلیب پر کیلوں سے جَڑ دِیا۔ لیکن اُن پر لعنت کرنے کی بجائے، یِسُوع مسِیح نے اپنے باپ سے اِلتجا کی کہ ”اُنھیں مُعاف کر؛ کیونکہ یہ جانتے نہیں کہ کیا کرتے ہیں“ (لُوقا 23: 34)۔ حتیٰ کہ اپنے تاریک ترین لمحے میں بھی، یِسُوع نے محبّت اور مُخلصی کی بات کی۔ اپنی آخری سانس کے ساتھ، یِسُوع نے اپنے باپ سے کہا۔ ”تمام ہُوا،“ اُس نے فرمایا (یُوحنّا 19: 30)۔ رومی صُوبہ دار کی طرف سے اور جو اُس کے ساتھ تھے اُن کی طرف سے غیر متوقع گواہی آئی: ”حقیقتاً یہ خُدا کا بیٹا تھا“ (متّی 27: 54)۔ یہ احساس آج بھی اُتنا ہی پُرجلال ہے جتنا تب تھا۔
پڑھیں اور غور کریں
یِسُوع مسِیح مُعافی کی حتمی مِثال ہے۔ آپ خُود کو اور اپنی زندگی میں موجُود دُوسرے لوگوں کو کیسے زیادہ سے زیادہ معاف کر سکتے ہیں؟
متّی 59:26–75
متّی 27: 1–61
ہفتہ
یہ تصور کرنا مشکل ہے کہ یِسُوع مسِیح کے پیروکاروں نے اُس کی موت کے اگلے دن کیا کرب محسوس کیا ہوگا۔ ایک رات پہلے، اُس کا جِسم پیار سے تیار کِیا گیا تھا اور باغ میں قبر میں رکھا گیا تھا۔ اب وہ یہ جاننے کے لیے چھوڑ دِیے گئے تھے کہ زندگی اُس کے بغیر کیسے مُمکن ہو گی۔ یقیناً اُس کی موت نے اُن سے کوئی چیز لے لی تھی، لیکن جو کُچھ اُنھوں نے کھویا تھا اُس سب کے مُقابلے میں کُچھ بھی نہیں تھا جو اُس کی زندگی نے بخشا تھا۔ چاہے وہ اِس حقیقت کو سمجھے یا نہ سمجھے، یِسُوع مسِیح نے اُن سب کے لیے جو اُس کی پیروی کریں گے ایک نئی راہ تیار کر دِی تھی، اُمید سے روشن اِک کِرن جو کسی بھی تاریکی سے زیادہ روشن ہے جِس کا ہم سامنا کر سکتے ہیں۔
پڑھیں اور غور کریں
مُشکل وقتوں میں یِسُوع نے آپ کو کب سُکون حاصل کرنے میں مدد کی؟
یُوحنّا 14 :15–16، 26–27
متّی 27: 55–61
اِیسٹر کا اِتوار
صُبح سویرے، مریم مگدلینی، یِسُوع کی دوست اور پیروکار، یِسُوع مسِیح کے بدن کی دیکھ بھال کرنے کے لیے قبر پر آئی۔ اُسے حیرانی ہُوئی، جب اُس نے قبر کو خالی پایا۔ بعد میں، جب وہ قبر کے باہر رو رہی تھی، تو ایک شخص اُس سے مُخاطب ہُوا—جسے وہ باغبان، سمجھی۔ مگر پھر اُس نے اُس کا نام لِیا: ”مریم۔“ اور اُس نے دیکھا۔ یہ یِسُوع مسِیح ہی تھا، جو دوبارہ زِندہ تھا۔ یہ جاننا نہایت شاندار تھا۔ اُس کی خُوشی کا احساس بُہت بڑھ گیا جب وہ دُوسروں کو بتانے کے لیے دوڑی۔
یہ گواہی ہے جو آج بھی لوگوں کو تقویت بخشتی ہے۔ آپ بھی جان سکتے ہیں جیسے اُس نے جانا کہ یِسُوع مسِیح زِندہ ہے۔ اُس کی بدولت، ہر کوئی پھر سے جِی اُٹھے گا۔ اگر ہم مسِیح کی پیروی کرتے ہیں، تو ہم زمین پر حقیقی خُوشی پا سکتے ہیں—اور آنے والی زِندگی میں اَبَدی خُوشی کے مُنتظر ہوسکتے ہیں۔
پُورے پاک ہفتہ میں ہمارے ہمراہ پیروی کرنے کے لیے آپ کا شُکریہ۔ جیسا کہ آپ ذیل کی آیات پڑھتے ہیں، اِس ہفتے آپ نے جو کُچھ سیکھا ہے اُس پر غور کریں۔
پڑھیں اور غور کریں
جب آپ یِسُوع مسِیح کے جِی اُٹھنے کے بارے میں سوچتے ہیں تو آپ کیسا محسُوس کرتے ہیں؟
یُوحنّا 20: 1–18
پہلا کُرنتھِیوں 20:15-22